ایران پر ہتھیاروں کی پابندی سے متعلق GCC کا خط جرات مندانہ اعلان ہے : پومپیو

امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے خلیج تعاون کونسل کی جانب سے سلامتی کونسل کو بھیجے جانے والے خط کو "جرات مندانہ اعلان” قرار دیا ہے۔ خط میں ایران پر عائد ہتھیاروں کی پابندی میں توسیع کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

اتوار کے روز اپنی ٹویٹ میں پومپیو نے کہا کہ واشنگٹن رواں ہفتے سلامتی کونسل میں ایک قرار داد کا منصوبہ پیش کرے گا جس کا مقصد تہران پر عائد ہتھیاروں کی پابندی میں توسیع ہے۔ امریکی وزیر خارجہ کے مطابق یہ اقدام "کئی برس کی سفارت کاری کے بعد” کیا جا رہا ہے۔

پومپیو نے دوٹوک انداز میں کہا کہ "سلامتی کونسل کو دہشت گردوں کو ہتھیاروں کی فراہمی یا خلیج کے ساتھ کھڑے ہونے میں سے کوئی ایک راستہ چُننا ہو گا … مشرق وسطی کے ممالک ایران پر عائد ہتھیاروں کی پابندی میں توسیع کی حمایت کرتے ہیں”۔

اس سے قبل اتوار کے روز خلیج تعاون کونسل کے سکریٹری جنرل ڈاکٹر نائف الحجرف نے عالمی سلامتی کونسل کو ایک خط ارسال کیا تھا۔ خط میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ سلامتی کونسل کی قرار داد نمبر 2231 کی مدت میں توسیع کی جائے۔ روایتی ہتھیاروں کی ایران کو اور ایران سے منتقلی ممنوع قرار دینے والی اس قرار داد کی مدت 18 اکتوبر 2020ء کو اختتام پذیر ہو رہی ہے۔

خلیج تعاون کونسل کے سکریٹری جنرل نے واضح کیا کہ ایران کی جانب سے خطے میں ہتھیاروں کے پھیلاؤ اور دہشت گرد اور فرقہ وارانہ تنظیموں اور تحریکوں کو مسلح کرنے کا سلسلہ جاری رہنے کے پیشِ نظر یہ امر کسی طور بھی مناسب نہیں کہ ایران پر عائد ہتھیاروں کی پابندی اٹھائی جائے۔ یہ پابندی اس وقت تک نہیں ختم کی جانے چاہیے جب تک ایران خطے کو عدم استحکام سے دوچار کرنے والی اپنی سرگرمیوں سے دست بردار نہیں ہو جاتا اور دہشت گرد اور فرقہ وارانہ تنظیموں کو ہتھیاروں کی فراہمی کا سلسلہ روک نہیں دیتا۔

یاد رہے کہ 2007ء کے آغاز سے ایران پر ہتھیاروں کی خرید و فروخت پر پابندی عائد ہے۔ تاہم 2015ء میں جوہری معاہدے کے تحت اس پابندی کو رواں سال 18 اکتوبر کو ختم ہو جانا ہے۔ امریکا اس بات کے لیے کوشاں ہے کہ اقوام متحدہ کی جانب سے ایران پر روایتی ہتھیاروں کی فروخت پر عائد پابندی میں غیر معینہ مدت کے لیے توسیع کر دی جائے۔

امریکا یہ دھمکی بھی دے چکا ہے کہ ہتھیاروں پر پابندی میں توسیع میں ناکامی کی صورت میں واشنگٹن اس میکانزم پر عمل درامد کر گزرے گا جس سے ایران پر اقوام متحدہ کی تمام تر پابندیاں دوبارہ سے لاگو ہو جائیں گی۔

About BBC RECORD

Check Also

امریکا غنڈہ گردی بند کرے ورنہ جوابی کارروائی کریں گے، چین

Share this on WhatsAppبی بی سی ریکارڈ لندن نیوز؛ بیجنگ چین نے ٹک ٹاک اور ...

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے