بھارتی ایجنسی ’سی بی آئی‘ کے ایمنسٹی انٹرنیشنل کے دفاتر پر چھاپے

بھارت کی وفاقی تفتیشی ایجنسی نے ایمنسٹی انٹرنیشنل پر غیر ملکی مالی معاونت کے حوالے سے بھارتی قوانین کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا ہے۔ انسانی حقوق کی تنظیم نے اس اقدام کو مودی حکومت پر تنقید کا جواب قرار دیا۔بھارتی سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن ’سی بی آئی‘ نے انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے سرگرم تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل کے بھارت میں قائم متعدد دفاتر پر چھاپے مارے ہیں۔ سی بی آئی نے اس بین الاقوامی تنظیم پر غیر ملکی امداد کے قوانین کی مبینہ خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہوئے یہ کارروائی کی ہے۔ایمنسٹی انٹرنیشنل کے بیان کے مطابق سی بی آئی نے جمعہ 15 اکتوبر کو بھارت کے جنوبی شہر بنگلور میں’ایمنسٹی انٹرنیشنل انڈیا پرائیوٹ لمیٹڈ‘ اور ’ایمنسٹی انٹرنینشنل ٹرسٹ‘ کے دفاتر میں چھاپے مارنے کے بعد ان کی تلاشی لی۔

خبر رساں ادارے روئٹرز نے سی بی آئی کے ایک بیان کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ انسانی حقوق کی تنظیم کے خلاف یہ کارروائی بھارتی وزارت داخلہ کی شکایت کے بعد کی گئی۔ سی بی آئی کے مطابق، بھارت میں’ ایمنسٹی انٹرنیشنل انڈیا‘ نے’ایمنسٹی انٹرنیشنل برطانیہ‘ سے مالی تعاون حاصل کر کے فارن کنٹریبیوشن (ریگولیشن) ایکٹ 2010 اور انڈین پینل کوڈ کی مبینہ خلاف ورزی کی ہے۔انسانی حقوق کی اس تنظیم نے اپنا رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ ایک سال سے ’ایمنسٹی انٹرنیشنل انڈیا‘ جب بھی بھارت میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی نشاندہی کرتی ہے تو اس کو ہراساں کرنے کا کوئی نہ کوئی نیا طریقہ سامنے آجاتا ہے۔

رواں برس اگست میں دہلی حکومت کی جانب سے جموں و کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت منسوخ کرنے کےبعد سے ایمنسٹی انٹرنیشنل نے مودی انتظامیہ پر اس متنازعہ علاقے میں انسانی حقوق کی مبینہ خلاف ورزیوں کا الزام عائد کیا تھا۔مودی حکومت کو برطانوی مصنف آتش تاثیر کی بھارتی شہریت کی منسوخی کے فیصلے کے بعد سے بھی شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے سرگرم عمل تنظیم نے اس حوالے سے مودی حکومت پر جنسی، نسلی اور قومی پس منظر کی بنیاد پر امتیازی سلوک کا الزام لگایا تھا۔

سن 2014 میں نریندر مودی نے وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھالا تھا، جس کے بعد سے ہی ملک میں غیر سرکاری تنظیموں پر نگرانی سخت کر دی گئی اور غیر ملکی فنڈنگ وصول کرنے کی وجہ سے ہزاروں تنظیموں کے لائسنس بھی منسوخ کر دیے گئے۔سن 2018 میں مالی جرائم کی تفتیش کرنے والی بھارتی ایجنسی ’انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ‘ نے گرین پیس انڈیا نامی غیر سرکاری تنظیم کے اکاؤنٹ بھی منجمد کردیے تھے۔ اسی تناظر میں گزشتہ برس ایمنسٹی انٹرنیشنل کے خلاف بھی اسی ایجنسی نے کارروائی کی تھی۔

About BBC RECORD

Check Also

امریکی وزارت خزانہ حزب اللہ کی مقرب شخصیات پر پابندیاں عائد کر رہی ہے

Share this on WhatsAppامریکی وزارت خزانہ اُن لبنانیوں پر پابندیاں عائد کر دے گی جن ...

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے