رحیم یار خان: تیزگام حادثہ 73 افراد ہلاک: اپوزیشن نے آزادی مارچ کا جلسہ ملتوی کردیا

شبیر خان سدوزئ
بی بی سی ریکارڈ لندن نیوز ( رحیم یار خان )
صوبہ پنجاب کے علاقے لیاقت پور کے قریب تیز گام ایکسپریس میں گیس سیلنڈر پھٹنے سے آگ لگ گئی جس کے باعث 73 مسافر ہلاک اور 40 زخمی ہو گئے ہیں متاثرہ ٹرین کراچی سے راولپنڈی جارہی تھی جس کی اکانومی کلاس کی ایک بوگی میں سیلنڈر کے دھماکے سے آگ لگ گئی۔ آگ اس قدر شدید تھی کہ اس نے مزید دو بوگیوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ متاثرہ بوگیوں میں سے ایک بزنس کلاس کی بوگی بھی شامل ہے۔اطلاعات کے مطابق جس بوگی میں سیلنڈر دھماکہ ہوا اس میں تبلیغی اجتماع میں شرکت کے لیے جانے والے مسافر سوار تھے۔حادثے کے بعد مسافروں نے جان بچانے کے لیے بوگیوں سے باہر چھلانگیں لگائیں جب کہ 10 مسافروں کی لاشیں ٹریک سے ملی ہیں۔

لیاقت پور کے تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال کے مطابق حادثے میں 73 افراد ہلاک اور 40 زخمی ہوئے ہیں۔ ہلاک افراد میں سے 18 کی شناخت کرلی گئی ہے جب کہ 58 لاشیں ناقابلِ شناخت ہیں۔حادثے کے زخمیوں کو بہاولپور اور رحیم یار خان کے مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے جب کہ اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے حادثے کو خالصتاً انسانی غلطی قرار دیا اور کہا کہ متاثرہ بوگیوں میں سوار افراد نے چلتی ٹرین میں ناشتہ بنانے کی کوشش کی تھی جس کے دوران سلنڈر پھٹنے کی وجہ سے حادثہ رونما ہوا۔ ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے زیادہ تر مسافروں کا تعلق حیدر آباد اور میر پور خاص سے ہے۔ مسافروں سے متعلق مزید معلومات اکٹھی کی جارہی ہیں۔

حکام کی جانب سے ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔’متاثرہ بوگیوں میں 207 مسافر سوار تھے’محکمہ ریلویز کے ڈویژنل کمرشل آفیسر جنید اسلم کے مطابق حادثے کا شکار اکانومی کلاس کی دو بوگیاں امیر حسین اینڈ جماعت کے نام سے بُک کی گئی تھیں۔ ایک بوگی میں 77 اور دوسری میں 76 مسافر سوار تھے۔جنید اسلم کے مطابق اکانومی کلاس کی دو بوگیوں میں مسافر زیادہ تر حیدرآباد سے سوار ہوئے تھے جب کہ متاثرہ تیسری بزنس کلاس کی بوگی میں 54 مسافر سوار تھے۔ڈی پی او رحیم یار خان امیر تیمور خان کے مطابق حادثے میں زخمی ہونے والوں میں سے 13 سے 14 زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔’مسافروں نے چلتی گاڑی سے چھلانگیں لگائیں’

ریلوے حکام کے مطابق چلتی ٹرین سے ریلوے ٹریک کے قریب پتھروں پر کودنے کی وجہ سے زیادہ مسافر زخمی ہوئے۔ جن میں تین سے چار خواتین بھی شامل ہیں۔ریسکیو حکام کے مطابق آگ ٹرین کی بوگی نمبر تین میں موجود سلنڈر پھٹنے سے لگی۔ جس نے تیزی سے مزید بوگیوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔اطلاعات کے مطابق متاثرہ بوگی میں سوار مسافر لاہور کے علاقے رائیونڈ میں ہونے والے تبلیغی اجتماع میں شرکت کے لیے جارہے تھے اور یہ بوگی خصوصی طور پر بک کرائی گئی تھی۔

سانحہ تیز گام کی وجہ سے اپوزیشن جماعتوں نے آزادی مارچ کا آج ہونے والا جلسہ ملتوی کردیا ہے، ترجمان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ جلسہ ٹرین حادثے کے باعث منسوخ کیا گیا تاہم اسلام آباد میں متحدہ اپوزیشن کا آزادی مارچ جلسہ اب کل ہوگا۔

آج صبح کراچی سے راولپنڈی جانے والی تیز گام ایکسپریس میں آتشزدگی سے 73 افراد جاں بحق جب کہ 40 زخمی ہوگئے۔ وزیر ریلوے شیخ رشید نے جاں بحق افراد کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ تیزگام ایکسپریس کو حادثہ کراچی سے راولپنڈی جاتے ہوئے پیش آیا تاہم ریسکیو اور فائر بریگیڈ کی امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ آگ ٹرین کی اکانومی کلاس میں گیس سلنڈر پھٹنے سے لگی جب کہ مسافروں نے ٹرین سے کود کر جانیں بچائیں۔

دوسری جانب عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ٹرین میں آتشزدگی کی وجہ سلنڈر دھماکا نہیں بلکہ شارٹ سرکٹ ہے۔ آگ ایئر کنڈیشنڈ بوگی میں لگی جہاں سلنڈر لے جانے کی اجازت نہیں، گزشتہ رات سے ہی بوگی میں جلنے کی بو آرہی تھی جب کہ ٹرین روکنے والی زنجیر بھی خراب تھی۔

About BBC RECORD

Check Also

حوثی ملیشیا کے میزائل حملے میں سات یمنی فوجی ہلاک

Share this on WhatsAppیمن میں حوثی ملیشیا کے میزائل حملے میں ایک اعلیٰ افسر سمیت ...

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *