اسلام آباد: ( مانیٹرنگ ڈیسک ) سابق وزیر بجلی اویس لغاری نے کہا ہے کہ حکومت کے پاس بجلی کے مسائل کا واحد حل بجلی کی قیمت بڑھانا ہے۔ ٹرانسفارمرز اوور لوڈ ہیں جس کی وجہ سے اس سال بدترین لوڈشیڈنگ کا سامنا کرنا پڑے گا، یہ سب حکومت کی نااہلی کے باعث ہوگا۔
ن لیگ دور کے وزیر بجلی اویس لغاری نے موجودہ حکومت پر الزامات کی گولہ باری کرتے ہوئے تقسیم کار کمپنیوں کا نظام تباہی کے دہانے پر پہنچنے کی نشاندہی کر دی۔ انہوں نے پیش گوئی کی ہے کہ گرمیوں میں بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ کی جائے گی۔
اویس لغاری نے حکومت کے بجلی چوری روکنے کے اقدامات کو بھی ناکافی قرار دیا اور کہا ہے کہ حکومت اپنی غلطیوں کو چھپانے کیلئے بجلی مہنگی کرتی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے ایک میگاواٹ بجلی بھی پیدا نہیں کی، باتیں بڑی بڑی کرتی ہے مگر ان پر عملدرآمد صفر ہے۔