پاکستان آرمی عزت واحترام سے پیش آرہی ہے: گرفتار بھارتی ونگ کمانڈر

اسلام آباد: بھارتی فضائیہ کے تباہ شدہ طیارے کے گرفتار پائیلٹ ونگ کمانڈر ابھی نندن نے اعتراف کیا ہے کہ ان کے ساتھ پاکستان آرمی افسر بڑے اچھے طریقے سے پیش آرہے ہیں اور عزت واحترام کا معاملہ کررہے ہیں۔

پاکستان آرمی کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) نے بدھ کی شام ابھی نندن کے بیان کی ایک ویڈیو جاری کی ہے۔اس میں ان کے ساتھ پاک فوج کے افسر خوش گوار ماحول میں گفتگو کررہے ہیں۔ ونگ کمانڈر ابھی نندن کے مِگ 21 بسن طیارے کو آج صبح پاک فضائیہ نے ملک کی فضائی حدود میں مار گرایا تھا۔ایک اور طیارے کو بھی پاک فوج نے مارگرایا تھا مگر اس کا ملبہ بھارت کے زیر انتظام مقبوضہ کشمیر میں جا کر گرا تھا اور اس کا پائیلٹ ہلاک ہوگیا تھا۔

ابھی نندن کو آزاد کشمیر میں مقامی لوگوں نے پکڑلیا تھا اور پھر اس کو پاکستان آرمی کے جوانوں نے اس کو حراست میں لے لیا تھا۔ایک ویڈیو میں پاک آرمی کے جوان اور افسر مشتعل ہجوم سے بھارتی ونگ کمانڈر کو بچانے کی کوشش کررہے ہیں۔بعد میں پاکستانی شہریوں کی اکثریت نے اس گرفتار افسر سے احترام اور وقار کا معاملہ کرنے پر زور دیا ہے۔

گزشتہ روز نندن نے ویڈیو میں اعتراف کیا ہے: ’’ میں یہ بات ریکارڈ پر لانا چاہتا ہوں اور میں اپنے ملک میں واپس جانے کے بعد بھی اس بیان کو تبدیل نہیں کروں گا کہ پاکستان آرمی کے افسر میرے ساتھ بڑا اچھا برتاؤ کررہے ہیں‘‘۔

انھوں نے مزید کہا کہ ’’ اس اچھے برتاؤ کا سلسلہ کپتان سے شروع ہوا تھا جس نے مجھے ہجوم سے بچایا تھا۔پھر فوجیوں اور جس یونٹ میں مجھے لے جایا گیا ہے، اس کے افسروں ، ،سب نے اچھا برتاؤ کیا ہے ۔میں اپنی آرمی سے بھی اسی قسم کے سلوک کی توقع کرتا ہوں ۔ میں پاکستان آرمی سے بہت متاثر ہوا ہوں‘‘۔

ویڈیو میں ایک پاکستانی افسر کو ابھی نندن سے یہ پوچھتے ہوئے سنا جاسکتا ہے کہ ’’ آپ بھارت کے کس علاقے سے تعلق رکھتے ہو؟‘‘ گرفتار پائیلٹ یہ جواب دیتا ہے :’’ کیا مجھے آپ کو یہ بتانا چاہیے۔ پھر وہ سفارت کارانہ انداز میں گول مول جواب دیتا ہے اور کہتا ہے کہ میں ملک کے انتہائی جنوب سے تعلق رکھتا ہوں ‘‘۔

پھر پاکستانی افسر پوچھتا ہے:’’ آپ کون سا طیارہ اڑا رہے تھے؟‘‘اس کے جواب میں بھارتی پائیلٹ نے کہا:’’ میں معذرت خواہ میجر ،مجھے آپ کو یہ جواب نہیں دینا ۔لیکن مجھے یقین ہے کہ آپ نے ملبہ دیکھا ہوگا‘‘۔ ونگ کمانڈر نندن نے پاک آرمی کے افسر کے اپنے مشن سے متعلق سوال کا بھی جواب نہیں دیا۔

انڈیا ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق گرفتار ونگ کمانڈر ایک ماہر ہوا باز ہے اور وہ بھارتی فضائیہ کے ایک سابق افسر کا بیٹا ہے۔بھارت کی وزارت برائے امور خارجہ نے اس کی فوری اور محفوظ واپسی کا مطالبہ کیا ہے۔

About BBC RECORD

Check Also

ہماری فوج دہشت گردی کا مقابلہ کر سکتی ہے ہمیں امریکا اور اس کے اتحادی افواج کی کوئی ضرورت نہیں ہے

Share this on WhatsAppعراق کی مسلح افواج کے ترجمان نے کہا ہے کہ ان کے ...

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے