میرکل کا متبادل: خاتون سیاستدان جرمن سیاسی منظر پر

جرمنی میں ایک خاتون سیاستدان دان آنے گریٹ کرامپ کارنباؤر کو انگیلا میرکل کا متبادل خیال کیا جا رہا ہے۔ رائے عامہ کے جائزوں کے مطابق وہ چانسلر میرکل کی سیاسی جماعت کی نئی لیڈر منتخب ہو سکتی ہیں۔ جرمن چانسلر انگیلا میرکل کی بطور چانسلر مدت سن 2021 میں ختم ہو رہی ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے رواں برس انتیس اکتوبر کو اپنی سیاسی جماعت کرسچن ڈیموکریٹک یونین (سی ڈی یو) کی قیادت سے بھی دستبرداری کا اعلان کر دیا تھا۔ سی ڈی یو کے نئے سربراہ کے انتخاب کی کانفرنس رواں برس دسمبر میں منعقد ہو رہی ہے۔

سی ڈی یو کی اس پارٹی کانفرنس میں لیڈر شپ کا مقابلہ اس وقت تین افراد میں جاری ہے۔ ان میں ایک خاتون سیاستدان آنے گریٹ کرامپ کارنباؤر (Annegret Kramp-Karrenbauer) ہیں۔ دیگر دو افراد میں سے ایک کاروباری شخصیت فریڈرش میرس اور دوسرے موجودہ وزیر صحت ژینس اشپان ہیں۔

رائے عامہ کے تازہ ترین جائزے کے مطابق کاروباری شخصیت فریڈرش میرس کی مقبولیت میں قدرے کمی واقع ہوئی ہے۔ دوسری جانب آنے گریٹ کرامپ کارنباؤر کی عوامی پذیرائی میں اضافہ ہوا ہے۔ خاتون سیاستدان اس وقت کرسچن ڈیموکریٹک یونین کی جنرل سیکرٹری ہیں۔ وہ اس منصب پر رواں برس چھبیس فروری کو پارٹی اراکین کی بھاری حمایت سے فائز کی گئی تھیں۔ اس سے قبل وہ وفاقی جرمن صوبے زارلینڈ کی وزیراعلیٰ تھیں۔

جرمن براڈ کاسٹنگ ادارے اے آر ڈی کے مطابق سی ڈی یو کے چھیالیس فیصد حامیوں کی خواہش ہے کہ چانسلر میرکل کی جگہ پارٹی کی لیڈر ایک خاتون ہی بنیں اور وہ اس منصب پر آنے گریٹ کرامپ کارنباؤر کو دیکھنا چاہتے ہیں۔ فریڈرش میرس کی مقبولیت کا اندازہ اس جائزے کے مطابق اکتیس فیصد ہے اور وزیر صحت ژینس اشپان کو بارہ فیصد عوامی تائید حاصل ہوئی ہے۔

آنے گریٹ کرامپ کارنباؤر نو اگست سن 1962 کو پیدا ہوئی تھیں۔ وہ کیتھولک عقیدے کے حامل خاندان سے تعلق رکھتی ہیں۔ ان کے والد ایک اسکول کے ہیڈ ماسٹر تھے۔ وہ زارلینڈ ریاست کے شہر فولکلنگن سے تعلق رکھتی ہیں۔ اُن کے شوہر کانکنی کے انجینیئر ہیں اور وہ تین لڑکوں کی والدہ ہیں۔

About BBC RECORD

Check Also

قوم نے دشمن کا بہادری سے مقابلہ کیا اور آئندہ بھی ثابت قدم رہے گی، وزیراعظم پاکستان

Share this on WhatsAppڈاکٹر ذولفقار کاظمی بی بی سی ریکارڈ لندن نیوز ؛ اسلام آباد ...

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے