وسائل کی کمی کے باوجود ایلیٹ فورس کے جوانوں نے عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا

لاہو ر۔صوبائی وزیر انسداد دہشت گردی لیفٹینٹ کرنل (ر) سردار محمد ایوب خان گادھی نے کہا ہے کہ ایلیٹ فورس پنجاب پولیس کا فخر ہے جس کے بہادر جوان فرض شناسی، سرفروشی اور خلوص نیت کے جذبوں کے ساتھ عوامی خدمت میں مصروف عمل ہیں ، انہوں نے کہا کہ وسائل کی کمی کے باوجود ایلیٹ فورس کے جوانوں نے عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بناتے ہوئے شجاعت اور پروفیشنلزم کی شاندار مثالیں قائم کی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ایلیٹ فورس کے جوانوں کو ملنے والی پیشہ ورانہ ٹریننگ جسمانی ، ذہنی اور اخلاقی تربیت کا بہترین کمبی نیشن ہے جس کے باعث ایلیٹ فورس نے ہمیشہ فرائض منصبی کی ادائیگی کے دوران دہشت گرد اور سماج دشمن عناصر کے عزائم کو خاک میں ملایا اور ملک کی دیگر سیکیورٹی فورسز کیلئے ایک مثال بن کر ابھری ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایلیٹ فورس کا قیام حکومت پنجاب کے ماضی کے بہترین کارناموں میں ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے اور بدلتے وقت کے تقاضوں کے ساتھ ایلیٹ فورس اور ٹریننگ سنٹر کی اپ گریڈیشن کیلئے جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات جاری ہیں

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کرنل شجاع خانزادہ پریڈ گراؤنڈ ایلیٹ ٹریننگ سنٹر بیدیاں میں ایلیٹ فورس کے انیسویں بیسک ریکروٹ بیج کی پاسنگ آؤٹ پریڈ میں شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ پاسنگ آؤٹ پریڈ میں ایڈیشنل آئی جی پی ایچ پی امجد جاوید سلیمی ، ایڈیشنل آئی جی آپریشنز عامر ذوالفقار خان ، ایڈیشنل آئی جی ٹریننگ طارق مسعود یسین ، ایڈیشنل آئی جی اسٹیبلشمنٹ اظہر حمید کھوکھر، ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس محمد طاہر ، ایڈیشنل آئی جی ایلیٹ فورس شاہد حنیف، ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹر شہزادہ سلطان، ڈی آئی جی آئی ٹی شارق کمال صدیقی، ڈی آئی جی ویلفیئر وسیم احمد سیال، کمانڈنٹ ایلیٹ ٹریننگ سنٹر لیفٹینٹ کرنل پرویز اقبال سمیت دیگر اعلی پولیس و سول افسران اور ایلیٹ فورس کے جوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔

ایڈیشنل آئی جی پی ایچ پی امجد جاوید سلیمی نے تقریب میں سپاس نامہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایلیٹ پولیس پنجاب سے دہشت گردی ،قبضہ مافیا ، قتل و غارت اور فرقہ ورانہ فسادات سمیت دیگر سنگین جرائم کے خاتمے کیلئے 1997میں تشکیل دی گئی اور اپنے قیام سے اب تک ایلیٹ فورس کے جوانوں نے عوام کے جان و مال اور عزت و آبرو کے تحفظ کیلئے کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کیا اور ہر کڑے امتحان سے سرخرو ہو کر نکلی ہے انہوں نے مزید کہا کہ ایلیٹ پولیس فورس کے جوانوں کو انتہائی سخت تربیتی مراحل سے گذارا جاتا ہے جبکہ ایس ایس جی کمانڈوز سمیت دیگر ماہر انسٹرکٹرز کی شب و روز کی محنت ان جوانوں کو کندن بنا دیتی ہے اور ایلیٹ فورس کا ہر دستہ پولیس فورس کی کامیابیوں کے ایک نئے سنگ میل سے آگے اپنا سفر شروع کرتا ہے ۔ پاسنگ آؤٹ پریڈ میں مجموعی طور پر 903اہلکار پاس آؤٹ ہوئے جن میں 134خواتین اہلکار بھی شامل تھیں۔

پاسنگ آؤٹ پریڈ کے آغاز سے قبل ایلیٹ فورس کے جوانوں نے دوران تربیت حاصل کی گئی مہارتوں بشمول جسمانی تربیت ، اسلحے کا استعمال ، سپیشل آپریشن ٹریننگ فیلڈکرافٹ، ریڈ، تعاقب اور دہشت گردی واقعے کی صورت میں یرغمالیوں کی رہائی سمیت دیگرقابل ذکر مہارتوں کا عملی مظاہرہ پیش کیا ۔ کمانڈنٹ ایلیٹ ٹریننگ سنٹر لیفٹینٹ کرنل پرویز اقبال نے اپنے خطاب میں بتایا کہ ایلیٹ ٹریننگ سکول اپنے قیام سے اب تک 40ہزار سے زائد افسران و اہلکاروں کی تربیت فراہم کر چکا ہے جن میں پنجاب کے علاوہ خیبر پختونخواہ ، بلوچستان ، اسلام آبادپولیس سمیت پاکستان رینجرز، جیل خانہ جات، ریسکیو 1122، ریلوے پولیس سمیت قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کے افسران و اہلکار شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انیسویں بیج میں مجموعی طور 1379جوانوں نے شرکت کی جنہیں چوبیس ہفتوں پر محیط دورانئے کے ٹریننگ کورس کے دوران تمام ضروری تقاضوں کے حوالے سے بہترین تربیت فراہم کی گئی اور ٹریننگ کے اختتام پر 903اہلکار پاس آؤٹ ہوکر نکلے ہیں

جن میں جیل پولیس کے 215اہلکار بھی شامل ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایلیٹ ٹریننگ سنٹر کی تربیتی گنجائش کو دوگنا کرنے کے حوالے سے اقدامات کی ضرورت ہے جس کیلئے حکومت پنجاب کا خصوصی تعاون درکار ہے ۔ پاسنگ آؤٹ پریڈ میں مہمان خصوصی سردار محمد ایوب خان گادھی نے دوران تربیت اعلی کارکردگی دکھانے والے جوانوں نوید احمد، محمد اختر، محمد قیصر، محمد بلال ، خرام شہزاد ، حافظ بابرعلی ، مریم فاطمہ، قمر شہزادی، ایمن صدیق اور ماریہ ریاض کو انعامات اور اسناد سے نوازا، پاس آؤٹ ہونے والے اہلکاروں نے عوامی خدمت ، فرض شناسی اور جانثاری کا حلف اٹھایا اور روایتی انداز میں شرکا ء کو سلامی پیش کی جبکہ اس موقع پر پنجاب پولیس کے بینڈ نے ملی نغموں کی دھنوں سے شرکا کے دلوں کو گرمائے رکھا

About BBC RECORD

Check Also

کراچی پی ایچ ڈی ڈاکٹر کو جوان سال بیٹے سمیت چھری کے وار کرکے قتل کردیا گیا،

Share this on WhatsAppکراچی: ڈیفنس فیز 5 میں بنگلے میں پی ایچ ڈی ڈاکٹر باپ ...

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے