اسرائیلی حکام سے خفیہ ملاقاتوں پر بھارتی نژاد برطانوی وزیر مستعفی

لندن: برطانیہ کی بھارتی نژاد وزیر برائے بین الاقوامی ترقی پریتی پٹیل نے اسرائیلی حکام سے خفیہ ملاقاتوں پر استعفٰی دے دیا ہے۔
خبررساں ادارے کے مطابق بھارتی نژاد برطانوی وزیر برائے بین الاقوامی ترقی پریتی پٹیل نے وزارت خارجہ کے علم میں لائے بغیر اسرائیلی وزرا سے ملاقاتیں کی تھیں۔ ان خفیہ ملاقاتوں کی تفصیلات منظر عام پر آنے کے بعد اس معاملے نے سیاسی رنگ اختیار کرلیا تھا۔

برطانیہ میں حزب اختلاف کی جماعتوں کا کہنا تھا کہ پریتی نے ایک غیر ملک کے ساتھ ملی بھگت کی اور ایسا محسوس ہوا کہ وہ برطانوی نہیں بلکہ اسرائیل کی سفارت کار ہیں۔ معاملہ بڑھنے پر برطانوی وزیر اعظم تھریسا مے نے پریتی پٹیل کو بیرون ملک دورے سے ہنگامی بنیادوں پر واپس بلا کر وضاحت طلب کی تھی۔ جس کے بعد پریتی کی برطرفی واضح ہوگئی تھی۔

پریتی پٹیل نے برطانوی وزیر اعظم کو اپنے استعفے میں کہا ہے کہ انہوں نے جو کچھ کیا اس کی نیت غلط نہیں تھی لیکن جو کچھ ہوا اس کے لیے وہ حکومت سے معذرت خواہ ہیں اور اپنے عہدے سے مستعفی ہورہی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں