اسپین کو کسی صورت تقسیم نہیں ہونے دیں گے، ہسپانوی وزیراعظم

میڈرڈ: ہسپانوی وزیراعظم کاکہنا ہے کہ اسپین کسی بھی صورت تقسیم نہیں ہوسکتا اور حکومت ہرطرح کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیارہے۔
اسپین کے وزیراعظم ماریانو راخوئی نےکہا کہ کیتالونیا کی آزادی کے اعلان کے بعد بھی اسپین کو تقسیم نہیں کیا جائے گا اورحکومت ہرطرح کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیارہے جب کہ کیتا لونیا کے صدر نے موجودہ سیاسی صورتحال پر آئندہ دو روزمیں کیتالونیا کی پارلیمنٹ سےخطاب کرنے کا اعلان بھی کیا ہے، علیحدگی پسند سیاستدانوں کا کہنا ہے کہ پارلیمنٹ کے اجلاس کے دوران شمال مشرقی علاقے کے 75 لاکھ افراد کی آزادی کا اعلان ہوگا۔

دوسری جانب اسپین کے وزیراعظم نے خبردار کیا ہے کہ حکومت کسی بھی ایسے اقدام کی ہرگز اجازت نہیں دے گی جس سے اسپین کی وحدت کو نقصان پہنچے اور اس صورتحال سے نمٹنے کے لیے قانون کےدائرہ میں رہتے ہوئے ہرممکن اقدام کریں گے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل کیتالونیا میں ہونے والے ریفرنڈم میں 90 فیصد ووٹرز نے اسپین سے آزادی کے حق میں ووٹ دیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں