پنجاب میں ’نامعلوم افراد 2‘ کی نمائش پر پابندی کے خلاف درخواست دائر

کراچی: حکومت پنجاب کی جانب سے فلم ’نامعلوم افراد 2‘ کی نمائش پر پابندی کے فیصلے کے خلاف ہائی کورٹ میں پٹیشن دائر کردی گئی۔

کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فلم ’نامعلوم افراد 2‘ کی پروڈیوسر فضا علی مرزا کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں چلنے والی فلم کو اچانک پنجاب میں بند کرنا سمجھ سے بالا تر ہے، حکومت پنجاب کے فیصلے کیخلاف ہائی کورٹ میں پیٹشن دائر کر دی ہے اور امید ہے کہ فیصلہ ہمارے حق میں آئے گا۔
فضا علی کا کہنا تھا کہ مذکورہ فلم کو تینوں سینسر بورڈز نے پاس کیا لیکن فلم کو 36 دن کے بعد اچانک بند کرنا انوکھی منطق ہے، فلم اب تک 21 کروڑ کا بزنس کر چکی ہے اور ایسا لگتا ہے کہ کسی فرد واحد کو اس فلم سے دشمنی ہے جب کہ ایک اخبار نے فلم کے خلاف غلط خبریں شائع کیں، ممکن ہے اس کو بنیاد بناکر فلم کو سینما سے اتار دیا گیا ہو۔

فلم کے ہدایت کا ر نبیل قریشی کا کہنا تھا کہ اگر فلم کے کسی سین پر اعتراض ہے تو سینسر بورڈ نے اسے پہلے پاس کیوں کیا، دنیا بھر میں ایک سینسر بورڈ ہوتا ہے ہمارے ہاں 3،3 سینسر بورڈ ہیں اور تینوں نے پہلے فلم کو پاس کیا لیکن سینما میں نمائش کے بعد ہٹانا سراسر زیادتی ہے۔
واضح رہے گزشتہ روز پنجاب حکومت نے فلم ’نامعلوم افراد 2‘ پر نامناسب مواد کی موجودگی کے باعث پابندی عائد کردی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں